نئی دہلی، 27دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک میں صرف 24.4لاکھ ٹیکس ادا کرنے والے ہیں جو اپنی سالانہ آمدنی 10لاکھ روپے سے اوپر اعلان کرتے ہیں۔دوسری طرف گزشتہ پانچ سال سے ہر سال ملک میں 35000لگژری گاڑیوں سمیت کل 25لاکھ نئی کاریں خریدی جاتی ہیں۔ایک اعلی افسر نے بتایا کہ ملک کی آبادی 125کروڑ سے زیادہ ہے جبکہ 2014-15میں ٹیکس ریٹرن بھرنے والوں کی تعداد صرف 3.65کروڑ تھی۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابھی بھی بڑی تعداد میں لوگ دائرے سے باہر ہیں۔افسر نے کہا کہ تخمینہ سال 2014-15میں ریٹرل بھرنے والے 3.65کروڑ لوگوں میں سے صرف 5.5ملین لوگوں نے ہی پانچ لاکھ روپے سے زائد کا انکم ٹیکس دیا جو کہ کل ٹیکس مجموعہ کا 57فیصد ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹیکس ریٹرن بھرنے والوں میں سے صرف 1.5فیصد کا ٹیکس آمدنی میں 57فیصد شراکت رہی ہے۔کاروں کی فروخت کے ساتھ اگر ٹیکس ریٹرن کا موازنہ کیا جائے تو چونکا دینے والی تصویر سامنے آتی ہے۔
افسر نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کاروں کی فروخت گزشتہ اوسطا 25لاکھ سالانہ رہی ہے۔گزشتہ تین سال میں کاروں کی فروخت 25.03لاکھ، 26، لاکھ اور 27لاکھ رہی۔افسر نے کہا کہ اعداد و شمار یہ بتاتا ہے کہ بڑی تعداد میں کاریں خریدنے والے ایسے لوگ ہیں جو ٹیکس دائرے سے باہر ہیں۔اس نے کہا کہ عام طور پر کار کی زندگی سات سال ہوتی ہے اور عام لوگ دوسری کار پانچ سال سے پہلے نہیں خریدتے۔